فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے منی بجٹ سے قبل سگریٹ پر ٹیکس میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی ہے جو آج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
یہ اقدام آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط کے مطابق ہے اور توقع ہے کہ اس سے 170 ارب روپے کی آمدنی حاصل ہوگی۔
ایف بی آر نے مقامی سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی سطح پر تیار ہونے والے سگریٹ پر ڈیوٹی کی شرح 16 ہزار 500 روپے فی ہزار ہوگی اگر ان کے آن پیک پرنٹڈ ریٹیل قیمت 9 ہزار روپے فی ہزار سگریٹ سے زیادہ ہو۔
اسی طرح مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے سگریٹ پر ڈیوٹی کی شرح 5 ہزار 50 روپے فی ہزار ہوگی اگر ان کی آن پیک پرنٹڈ ریٹیل قیمت 9 ہزار روپے فی ہزار سگریٹ سے زیادہ نہ ہو۔
سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ پارلیمنٹ میں منی بجٹ پیش کرنے سے پہلے کیا گیا ہے، جس کی آج منظوری ملنے کی توقع ہے، اس اقدام کا مقصد آمدنی پیدا کرنا اور بیل آؤٹ معاہدے کے تحت آئی ایم ایف کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنا ہے۔
توقع ہے کہ منی بجٹ میں معیشت کو فروغ دینے، بجٹ خسارے کو کم کرنے اور معیشت کے مختلف شعبوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے متعدد اقدامات شامل ہوں گے۔