صوبائی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کے باوجود راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 کے لیے ووٹنگ مکمل ہوگئی ہے، اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن نے الیکشن کی نگرانی اور پولنگ سے متعلق کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے اپنے سیکریٹریٹ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے۔
حلقے میں 3 لاکھ 79 ہزار 204 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں سے 2 لاکھ 6 ہزار 497 مرد اور ایک لاکھ 72 ہزار 709 خواتین ہیں۔
الیکشن کمیشن نے حلقے میں 237 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں، جہاں سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ پنجاب رینجرز کے 200 اہلکار کوئک رسپانس فورس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے متنبہ کیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں یا پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی نے محسن لغاری کو راجن پور کے حلقہ این اے 193 سے ضمنی انتخاب لڑنے کے لیے نامزد کیا تھا، کیونکہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ٹیریان وائٹ کیس میں نااہلی کے خدشے کے پیش نظر اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔
عمار اویس لغاری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر اور اختر حسن گورچانی پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جعفر خان لغاری کے طویل علالت کے بعد 31 دسمبر 2022 کو لاہور میں انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔