ایک اور افسوسناک واقعہ میں چیچہ وطنی کے قریب جعفر ایکسپریس میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور کم از کم چار زخمی ہوگئے۔
پاکستان ریلوے سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی جب دھماکا ہوا۔
ساہیوال ریجنل پولیس آفیسر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور دیگر ضلعی حکام دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔
بعد ازاں چیچہ وطنی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی باقی بوگیوں کو کلیئر قرار دے دیا گیا، محکمہ ریلوے کے ترجمان نے اسے گیس سلنڈر دھماکہ قرار دیا۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ دھماکا اکانومی کلاس سیکشن میں بوگی نمبر چھ کے اندر ہوا، متوفی خاتون کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کا تعلق بہاولپور سے ہے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔