امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ @BBhuttoZardari کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے ہماری حمایت اور افغانستان سمیت ہمارے مشترکہ علاقائی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ نتیجہ خیز، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کی حمایت کرتا ہے۔
بات چیت کے دوران وزیر خارجہ بلنکن نے پاکستان کی معاشی کامیابی اور فلاح و بہبود کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
The United States supports a productive, democratic, and prosperous partnership with Pakistan. Had a good call with @BBhuttoZardari to discuss our support for Pakistan’s economic recovery and our shared regional concerns, including Afghanistan.
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) July 24, 2023
انہوں نے تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات کے تسلسل کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو ان کے تعاون کے اہم پہلوؤں کے طور پر اجاگر کیا۔
امریکہ کے اعلیٰ عہدیدار نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مدد کے پروگرام کی حالیہ منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملک کی بحالی اور خوشحالی میں معاشی اصلاحات کی اہمیت کا اعتراف کیا۔
انہوں نے پاکستان کو معاشی ترقی اور استحکام کے فروغ کے لئے امریکہ کی مسلسل شمولیت اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خارجہ بلنکن نے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی تشکیل میں جمہوری اصولوں کی مرکزیت اور قانون کی حکمرانی کے احترام پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ مشترکہ اقدار دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی رہنمائی کرتی رہیں گی کیونکہ وہ علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار تعاون کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرتے ہیں۔