دبئی: بے نظیر بھٹو پہلی پاکستانی بن جائیں گی، جن کے موم کے مجسمے کی رونمائی آج دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں کی جائے گی۔
وزیر خارجہ اور بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو بھی آج تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ دبئی میں مادام تساؤ میوزیم میں پہلی پاکستانی شخصیت محترمہ بے نظیر بھٹو کے موم کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
بے نظیر پاکستان کی پہلی خاتون تھیں جو وزیر اعظم بنیں، وہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون بھی تھیں جو اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوئیں۔
انہیں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا جب انہوں نے اپنی پارٹی کے ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا تھا، بے نظیر بھٹو دو مرتبہ پاکستان کی وزیر اعظم رہ چکی ہیں۔