سندھ کے 24 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے اور لوگ اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے بھر میں کل 63 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی انتخابی مہم جمعے کی آدھی رات کو ہی ختم ہو چکی ہے۔
کراچی میں 11 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمینز کے ساتھ ساتھ وارڈ ممبران کی 15 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔
11 یونین کونسلز کے نتائج کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پارٹی پوزیشن تبدیل کرسکتے ہیں جہاں اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے، اس کے بعد جماعت اسلامی (جے آئی) قریبی فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی نے میئر کے انتخابات سے قبل ضمنی انتخابات کرانے پر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ایک بری مثال قائم ہوگی، تاہم الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کا مطالبہ قبول نہیں کیا۔
ضمنی انتخابات کے لیے سندھ میں مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں کل 434 امیدوار میدان میں ہیں، ان ضمنی انتخابات میں چھ لاکھ 90 ہزار سے زائد رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
صوبے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز کو سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
ایک حالیہ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ پولنگ اسٹیشنز کی الیکٹرانک نگرانی کے لیے کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ پولنگ کے دن سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے پولنگ اسٹیشنز پر پانی کی فراہمی، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پریزائیڈنگ افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ انتخابات کے پرامن اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 11 اور فارم 12 بروقت ملیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی کے 7 اضلاع کے تمام 168 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سات ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولنگ پرامن اور منصفانہ طریقے سے ہو۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے متنبہ کیا کہ ضمنی انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے حوالے سے غفلت برتنے یا فرائض میں کوتاہی برتنے والے کسی بھی اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ میں ضمنی انتخابات کی نگرانی کے لیے اسلام آباد میں 3 روز کے لیے سینٹرل کنٹرول روم اور مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔
پولنگ کے عمل کے حوالے سے کوئی بھی شخص کنٹرول روم سے رابطہ نمبر 051-9204403، 051-9210838 اور 051-9204402، فیکس نمبر 051-9204404 اور ddmonitoringisb@gmail.com ای میل ایڈریس پر رابطہ کرسکتا ہے۔