دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔
رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کا ایک گروپ بھی شامل ہے، جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے ہینرک کلاسن 13 درجے ترقی کے ساتھ 30 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ٹمبا باووما ایسٹ لندن میں دوسرے میچ میں بڑی اننگز کھیلنے کے بعد 17 درجے بہتری کے ساتھ 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری پوزیشن جنوبی افریقہ کے راسی وان ڈیر ڈوسن نے برقرار رکھی، جبکہ پاکستانی بلے باز امام الحق ایک درجہ چھلانگ لگا کر تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے، کوئنٹن ڈی کوک چوتھے جبکہ شبھمن گل پانچویں نمبر پر ہیں۔
ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ کے دوران مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ کے حملے کا نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں وہ ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں سرفہرست مقام کھو بیٹھے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے خلاف سیریز سے غیر حاضر رہنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ سے آگے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر الزاری جوزف جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ان کے ساتھی عقیل حسین چار درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنس لبوشین پہلے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔