ہمبنٹوٹا میں سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کے دوسرے روز بابر اعظم نے 14 اور سعود شکیل نے 0*رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
بابر اور شکیل نے ایک اہم شراکت قائم کی اور پاکستان کے لئے برتری حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
پہلے سیشن کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز تھا اور دوسرے دن لنچ تک اسے 90 رنز کی برتری حاصل کی۔
بابر اعظم 79 اور شکیل 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں، پاکستانی کپتان اب تک اپنی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا چکے ہیں۔
منگل کو پہلے دن کی کارروائی میں پاکستان کا غلبہ رہا، شاندار باؤلنگ پرفارمنس کے بعد پاکستان کے اوپننگ بلے بازوں امام الحق اور عبداللہ شفیق نے ٹیم کی مضبوط باؤلنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی اننگز کا مضبوط آغاز کیا۔
امام الحق نے صبر آزما اننگز کھیلی اور 75 گیندوں پر 36 رنز بنائے جبکہ عبداللہ شفیق نے 44 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔
تاہم شان مسعود نے جارحانہ انداز میں صرف 66 گیندوں پر 83 رنز بنائے جس میں نو چوکے اور تین چھکے شامل تھے، ان کے جارحانہ انداز نے سری لنکن باؤلرز کو شدید دباؤ میں ڈال دیا اور پاکستان کو تیز رفتاری سے رنز جمع کرنے کا موقع دیا۔