پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے، الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر بابر اعوان نے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی ہے، جس میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن دفعہ 144 کے نفاذ کو ختم کرے۔
درخواست کے متن کے مطابق پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے، دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی ہے۔
تحریک انصاف کے مطابق ریلی ساڑھے پانچ بجے ختم ہوگی جبکہ پی ایس ایل کا میچ سات بجے شروع ہوگا۔ اس سے پہلے کسی شہر میں پی ایس ایل کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا۔
باہر میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا کہ نگران حکومت انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، پی ایس ایل کا بہانا بنا کر نگراں حکومت نے پابندی لگا دی جوکہ دو عدالتوں کی کھلی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 90 دنوں میں انتخابات کا حکم دیا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن انتخابات ممکن بنانے کے لیے اقدامات کرے۔