نیب نے 19 کروڑ پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سمیت مزید 7 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزارت داخلہ سے سابق خاتون اول کی دوست فرح گوگی کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق ای سی ایل میں شامل کیے جانے والے 7 ناموں میں اعظم خان، سکندر حیات، عارف رحیم، نوید اکبر، نثار محمد، غلام حیدر اور عارف نذیر شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کی سابق کابینہ کے ارکان کے نام پہلے ہی ای سی ایل میں شامل کیے جاچکے ہیں۔
وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیورو نے فرح گوگی کو انٹرپول کے ذریعے لانے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔