پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز اعظم خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپریل میں شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کے بعد اپنے کھیل اور فٹنس پر زیادہ توجہ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ان کا یہ رد عمل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سیریز کے لیے اسکواڈز کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
شارجہ میں افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران آرام دیے گئے سینئر کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے، ان کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔
کرکٹ کی دنیا میں ہنگامہ برپا کرنے والے شاہین چار ماہ کے عرصے کے بعد واپسی کے لیے تیار ہیں۔
پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نومبر میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران گھٹنے کی انجری کے باعث 5 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز نہیں کھیل سکے تھے۔
سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان کو افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں خراب کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں متاثر کن کارکردگی کے بعد اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلا تھا۔
تاہم وکٹ کیپر بلے باز شارجہ میں افغانستان کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنی رفتار برقرار نہ رکھ سکے کیونکہ پڑوسی ملک نے ٹیم گرین کے خلاف تاریخی سیریز جیت لی۔