پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف دو طرفہ فوجی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد سے جنرل عاصم منیر کا یہ چوتھا غیر ملکی دورہ ہے، جنوری میں آرمی چیف کی حیثیت سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا تھا۔
سعودی عرب میں قیام کے دوران آرمی چیف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی اور دوطرفہ تعلقات اور انہیں بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا تھا۔
بعد ازاں جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی اور دفاعی اور فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوست ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے فوجی امور کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایک ماہ بعد جنرل عاصم منیر نے برطانیہ کی وزارت دفاع کی دعوت پر انتہائی اہم دورے پر برطانیہ کا دورہ کیا، تاکہ سلامتی سے متعلق اسٹریٹجک امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
دورہ برطانیہ کے بعد جنرل عاصم منیر نے دوبارہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور صدر مملکت سے ملاقات کی۔