پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کا سیاست سمیت مختلف معاملات پر الگ الگ موقف ہے۔
پیر کو دو روزہ دورے پر وہاڑی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کثیر الجماعتی اتحاد پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، بلکہ موجودہ وفاقی حکومت کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جوان ہیں، جس کی وجہ سے انہیں جلدی غصہ آتا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ان کے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو سندھ میں مردم شماری کے عمل پر اعتراض ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کا اپنا موقف ہے، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں بلکہ حکومت کا حصہ ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کسی کو گرفتار کرنا وزیر داخلہ کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انتخابات کا ماحول ہوگا تو وہ سیاسی فیصلے کریں گے اور عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ عمران خان کو یوٹرن لینے کی عادت ہے، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے بات چیت ہوتی ہے، لیکن عمران خان غیر سیاسی شخص تھے اس لیے ان سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دان کو سخت ہونا چاہیے، لیکن عمران خان اس کے عادی نہیں ہیں، موجودہ حکومت کو ملک کی موجودہ صورتحال کا علم تھا، لیکن انہیں معیشت کو بچانا تھا۔