پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے کامیابی سے نکل آئے گا۔
یہ یقین دہانی آرمی چیف کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی موجودگی میں ہونے والے اجلاس کے دوران معروف کاروباری شخصیات کو دی گئی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا ہے، بدتر حالات پیچھے رہ گئے ہیں اور اب ملک ترقی کرے گا، ہم ایک خوشحال ملک کے طور پر ابھریں گے، انہوں نے تاجروں سے پرعزم اور پراعتماد ہونے کی اپیل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پوری کردی گئی ہیں، معاہدہ چند روز میں ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ ممالک پیشگی سرمایہ کاری کریں گے۔