اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پانچ سالہ آئینی مدت آج پوری ہو رہی ہے، وہ ملک کی تاریخ میں چوتھے صدر ہیں جنہوں نے اپنی مدت پوری کی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی سے قبل تین صدور چوہدری فضل الٰہی (پانچویں صدر، 1973 سے 1978 تک)، آصف علی زرداری (11 ویں، 2008 سے 2013 تک) اور ممنون حسین (12 ویں، 2013 سے 2018 تک) اپنی مدت پوری کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی مسلسل تیسرے صدر ہیں جن کی مدت پوری ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ وہ عہدہ خالی نہیں کریں گے اور نئے صدر کے انتخاب تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
1973ء کے آئین کے تحت صدر کا انتخاب قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیاں اور سینیٹ مشترکہ طور پر کرتے ہیں۔
اس وقت ملک میں الیکٹورل کالج کا کوئی وجود نہیں ہے کیونکہ گزشتہ ماہ اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد اسمبلیوں کا وجود ختم ہو گیا تھا۔
صدر عارف علوی نے گزشتہ ہفتے ‘مشاورتی اجلاس’ منعقد کیے تھے اور نئے صدر کے انتخاب تک کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
دریں اثنا صدر عارف علوی لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کی رات اسلام آباد پہنچ گئے۔