کراچی: پاکستان میں پہلی آن لائن فضائی ٹیکسی سروس شروع کردی گئی ہے، جس کے ذریعے لوگ ملک کے اندر کہیں بھی سفر کرسکیں گے۔
نجی کمپنی اسکائی ونگز نے ایک غیر ملکی سرمایہ کار کے تعاون سے کراچی میں یہ جدید سہولت شروع کی ہے اور آئندہ دو ہفتوں میں عوام کے لیے دستیاب ہو جائے گی۔
اس سلسلے میں بندرگاہی شہر میں واقع جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اسکائی ونگز ایوی ایشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) عمران اسلم خان نے کہا ہے کہ دیگر ٹیکسی بکنگ ایپلی کیشنز کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے بھی لوگ اپنے مطلوبہ وقت اور منزل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
عمران اسلم نے کہا کہ سفری سروس کا کرایہ عام چارٹر پروازوں کے مقابلے میں بہت کم ہوگا، جس میں کراچی سے سندھ کے دیگر علاقوں اور بلوچستان کے مختلف شہروں کے سفر پر 25 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔
ٹیکسی سروس میں ابتدائی طور پر دو سے چھ نشستوں کے ساتھ آٹھ طیارے ہیں، تاہم آنے والے دنوں میں مزید طیارے لانچ کیے جائیں گے۔
عمران اسلم نے کہا کہ رواں ہفتے جرمن طیارہ ساز کمپنی کا ڈی اے 40 ڈائمنڈ بیڑے میں شامل کیا گیا ہے، جس میں پائلٹ کے علاوہ تین مسافر نشستیں ہیں۔
مزید برآں جرمن ساختہ یہ طیارہ ایک ایندھن میں 160 ناٹ (تقریبا 300 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔
عمران اسلم نے کہا کہ یہ طیارہ دیگر ٹرانسپورٹیشن سروسز ایپس کریم، اوبر اور بائیکیا کے ذریعے بک کیا جا سکتا ہے، نجی جیٹ مالکان بھی فضائی سروس کا حصہ بننے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی، مذہبی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ سیاح، وکلاء، صحافی، ڈاکٹرز اور عام شہری بھی فضائی ٹیکسیوں سے مستفید ہوسکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سروس سے نہ صرف سفر کا تیز رفتار راستہ فراہم ہوگا، بلکہ ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔