اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ صدر مملکت کو ایسا کرنے کا اختیار نہیں اور الیکشن کمیشن اس حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے اور انہوں نے نگران وزیر قانون سے انتخابی شیڈول کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جو 10 روز میں ان کی دوسری ملاقات ہے۔
تاہم صدارتی محل کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے تاریخ مقرر کرنے کا خیال ‘غلط’ ہے کیونکہ انتخابات کے معاملے پر غور و خوض ابھی جاری ہے۔
کاکڑ نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا ہے جس کے مطابق ای سی پی کو نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیاں ختم ہونی چاہئیں جو مروجہ قانون کے مطابق ہوں گے، ہمارا نگراں حکومت کی مدت کو طول دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر انتخابات میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین بار منتخب وزیر اعظم رہے ہیں اور جب وہ پاکستان واپس آئیں گے تو ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ کرکٹ سمیت کھیلوں کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے اور ہندوستان کے ساتھ کرکٹ سے متعلق معاملات صرف کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کو ہی اٹھانا چاہئے۔