لاہور (ویب ڈیسک): دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 ہزار 137 گاڑیاں بند اور 12 ہزار 765 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کے حکم پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے دوران 5137 گاڑیاں شہر کے مختلف تھانوں میں بند کروا دی گئیں جبکہ 12765 گاڑیوں کو دو، دو ہزار روپے کے چالان ٹکٹس بھی جاری کیے گئے۔
بغیر ترپال، بغیر ڈھانپے ڈمپر، ٹرالیوں اور دیگر لوڈر گاڑیوں کو بھی بند کیا جارہا ہے جبکہ شاہراہوں پر دھول، مٹی، ریت اور دیگر گندگی پھیلانے والی گاڑیوں کے بھی چالان کیے جارہے ہیں۔
لاہور ٹریفک پولیس محکمہ ماحولیات اور دیگر الائیڈ محکموں کے ساتھ مل کر کارروائی کررہی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق رات کے وقت بھی شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں، اور وقت سے پہلے شہر میں آنے والی بڑی اور لوڈر گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریت و مٹی والی بغیر ترپال اور ڈھانپے بغیر گاڑیوں کےخلاف بھی کارروائی کی جار ہی ہے، ریت، مٹی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن صوئے آصل اور ڈی ایس پی صدر ٹھوکرنیاز بیگ پر کارروائی کررہے ہیں جبکہ ڈی ایس پی شاہدرہ راوی پل اور ڈی ایس پی مغلپورہ ہربنس پورہ اور مناواں میں کارروائی کررہے ہیں۔