بنگلورو: 20 مشتعل افراد کے ہجوم نے حملہ کرکے کنڑ ٹیلی وژن انڈسٹری کے معروف اداکار چیتن چندرا کو شدید زخمی کردیا، اداکار نے زخمی حالت میں انصاف کا مطالبہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 12 مئی، مدرز ڈے کے موقع پر اداکار چیتن چندرا اپنی والدہ کے ہمراہ مندر سے واپس گھر جارہے تھے کہ اچانک ایک مشتعل ہجوم اُن کی طرف بڑھا اور اُنہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اداکار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
چیتن چندرا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہیں زخمی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے، اداکار کی ناک اور منہ سے خون بہہ رہا ہے جبکہ اُن کی شرٹ پر بھی خون کے دھبے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ ایک شخص، جو بظاہر نشے میں دھت تھا، وہ مجھے لُوٹنے اور میری گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا تھا، میں اُس شخص کو روک ہی رہا تھا کہ ایک خاتون سمیت 20 لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہوا اور اُنہوں نے مجھے تشدد کا بنانا شروع کردیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ہجوم چلا گیا تھا لیکن وہ دوبارہ واپس آئے اور پھر اُنہوں نے میری گاڑی کو نقصان پہنچایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیتن نے انسٹاگرام پر لائیو آکر اپنے مداحوں اور دوستوں کو اپنے زخم دکھائے اور بتایا کہ اس حملے میں اُن کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، یہ اُن کی زندگی کا سب سے خوفناک دن تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیتن چندرا نے واقعے کے خلاف شکایت درج کروا دی ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ چیتن چندرا نے کنڑ ڈراموں کے علاوہ کئی کنڑ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔