برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان پر فروری 2022 میں کیل بروک کے خلاف لڑائی کے بعد اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ کے دوران ممنوعہ مادہ استعمال کرنے پر دو سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
زیر بحث مادہ اوسٹرین تھا، جسے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے ممنوع قرار دیا ہے، اگرچہ عامر خان نے مئی میں باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
36 سالہ باکسر عامر خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ان کا ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ایک آزاد ٹربیونل نے اس معاملے کی تحقیقات کی اور عامر خان کی وضاحت کو قبول کرتے ہوئے ان کی طرف سے کسی بھی جان بوجھ کر یا لاپرواہی کے طرز عمل کو مسترد کردیا۔
ایک میڈیا ادارے سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے اپنی بے گناہی برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی دھوکہ نہیں دیا اور نہ ہی کبھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، لیکن میں نے کبھی دھوکہ نہیں دیا اور میں کبھی نہیں کروں گا.