بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے ہماچل پردیش میں بارش سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے آپڈا راحت کوش کے لئے 25 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔
ہندی فلم اداکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیف منسٹر سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا کہ اس امداد سے بلا شبہ راحت اور بحالی کی کوششوں میں مدد ملے گی جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو آفت کے بعد سے صحت یاب ہونے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فنڈ کو مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے گا اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ انتہائی ضرورت مندوں تک پہنچے۔
اس سے پہلے سکھو نے ریاست کے آفت سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے اپنی تمام بچت آپڈا راحت کوش کو عطیہ کردی تھی۔
ہریانہ، بہار، اوڈیشہ، تمل ناڈو، کرناٹک، راجستھان اور چھتیس گڑھ کی حکومتوں نے بھی راحت اور بازآبادکاری کے اقدامات کو پورا کرنے کے لئے ریاست کو 65 کروڑ روپے سے زیادہ کی مدد فراہم کی تھی۔
مندر ٹرسٹ کے علاوہ این جی اوز اور افراد بھی مدد کے لئے آگے آئے ہیں۔
جولائی اور اگست کے مہینوں میں شدید بارشوں نے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، پانی کی فراہمی کی اسکیموں، عمارتوں اور دیگر نجی اور عوامی املاک کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
24 جون کو مون سون کے آغاز سے لے کر 22 ستمبر تک بارش سے متعلق واقعات میں کل 287 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، چیف منسٹر نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاست کو 12000 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔
ہماچل پردیش اسمبلی نے چہارشنبہ کے روز صوتی ووٹ سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں مرکزی حکومت پر زور دیا گیا تھا کہ وہ ریاست میں حالیہ آفت کو قومی آفت قرار دے اور ریاست کے لئے 12000 کروڑ روپئے کے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرے۔