اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی سپریم کورٹ کے کسی آرڈر سے متعلق مبینہ آڈیو منظرعام پر آئی ہے، سی سی پی او نے یقین دلایا کہ وہاں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور یاسمین راشد مبینہ آڈیو میں سلام علیک کے بعد سپریم کورٹ میں کسی آرڈر کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔
یاسمین راشد غلام محمود ڈوگر سے سپریم کورٹ سے آرڈر کے ہونے کا پوچھتی ہیں، جواب میں سی سی پی او کہتے ہیں کہ آرڈر ابھی تک نہیں ہوئے، واضح نہیں ہورہا ہے دونوں کے درمیان کس مقدمہ کے حوالے سے بات ہورہی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے پوچھا کہ ان کا ارادہ کیا ہے، جس پر غلام محمود ڈوگر نے یقین دہانی کرائی کہ سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں، جج صاحبان روانہ ہونے والی ڈاک پر دستخط کرتے ہیں اور یہ عدالتی وقت کے بعد ہوتے ہیں۔
پارٹی چیئرمین عمران خان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ خان صاحب کافی تشویش میں ہیں، جس پر غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ رات کو ڈاک دستخط ہوکر مل جائے گی۔
یاسمین راشد نے دریافت کیا کہ ویسے ہی پوچھ رہی ہوں کہ آج ہماری رات خاموشی سے گزر جائے گی؟، جس پر سی سی پی او نے یقین دلایا کہ اللہ کرم کرے گا اپنا۔