اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کو دھمکی آمیز آڈیو کیس میں ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
کئی پلیٹ فارمز پر سامنے آنے والی آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے دھمکی دی کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد پر قبضہ کر لیا جائے گا، انہوں نے اسلام آباد پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کیا اور ڈیوٹی مجسٹریٹ نے سماعت شروع کی، جس میں پراسیکیوٹر نے علی امین گنڈاپور کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے 5 روزہ درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
مجسٹریٹ نے پولیس کو گنڈاپور کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ایک روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے گنڈاپور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس کے خلاف دہشت گردی اور غداری کے الزامات کے تحت دارالحکومت کی گولڑہ پولیس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔