غیر دستاویزی افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حکومت کی جانب سے الٹی میٹم جاری کیے جانے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 4 ہزار 481 افغان مہاجرین سرحد پار واپس آ چکے ہیں۔
ان میں سے 11 ہزار 553 پناہ گزین پیر کے روز افغانستان پہنچے جن میں 3 ہزار 153 مرد، 2 ہزار 823 خواتین اور 5 ہزار 577 بچے شامل ہیں، یہ 487 خاندان 512 گاڑیوں پر سوار ہو کر واپس آئے۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں کی مساجد سے مسلسل اعلانات کیے جا رہے ہیں تاکہ پناہ گزینوں کو ڈیڈ لائن سے پہلے ملک چھوڑنے کی یاد دہانی کرائی جا سکے۔
ان اعلانات میں غیر قانونی پناہ گزینوں کو اپنی جائیدادیں کرائے پر دینے والے لوگوں کو یاد دہانی بھی شامل ہے اور انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر پناہ گزین یکم نومبر سے پہلے ملک نہیں چھوڑتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے واپس لوٹنے والے پناہ گزینوں کو فرینڈشپ گیٹ پر کھانا فراہم کرنے کا بھی انتظام کیا ہے کیونکہ شام کو سرحدی دروازے بند ہونے کے بعد بہت سے خاندان سرحد پار کرنے سے قاصر ہیں۔
حکومت پہلے ہی چاروں صوبوں میں ‘ہولڈنگ سینٹرز’ قائم کرنے کا اعلان کرچکی ہے جہاں غیر قانونی پناہ گزینوں کو قید کیا جائے گا جو ملک نہیں چھوڑیں گے۔
صوبائی وزیر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان مراکز میں خوراک اور ادویات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ خاندان محفوظ طریقے سے رہ سکیں۔ تاہم سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے تاکہ پناہ گزین مراکز سے باہر نہ نکلیں۔
ملک بھر میں 40 سے زائد ہولڈنگ ایریاز قائم کیے گئے ہیں جہاں پناہ گزینوں کو ملک بدر کیے جانے تک رکھا جائے گا۔
پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں ہری پور، پشاور اور لنڈی کوتل میں تین مراکز بنائے گئے ہیں۔
حکومت نے سندھ میں کیماڑی اور ملیر میں دو مراکز قائم کیے ہیں جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، پشین اور چنگھی میں تین مراکز قائم کیے ہیں، گلگت اور اسلام آباد میں ایک ایک مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پناہ گزینوں کو سرحد پار 50,000 سے زیادہ اے ایف این لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ اصل اعلان کے بعد سامنے آیا ہے کہ ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی پناہ گزینوں کی جائیدادوں کو ضبط کیا جائے گا۔
پاکستان نے لاکھوں پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے جنہوں نے افغانستان پر سوویت حملے کے دوران ملک میں داخل ہونا شروع کیا تھا۔
یہ تحریک گزشتہ تین دہائیوں سے جاری ہے اور سقوط کابل کے بعد اس نے ایک نیا زور حاصل کیا۔