اداکار منیب بٹ اور ایمن خان کے گھر میں اتوار کو سیوریج لائن دھماکے کی وجہ سے ان کا آدھا گھر منہدم ہوگیا، اداکار منیب بٹ کا کہنا ہے کہ ایمن کو شیشے کے ٹکڑوں کی وجہ سے معمولی چوٹیں آئیں اور ہمارے گھریلو ملازمین جھلس گئے۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر مختصر طور پر بتایا کہ 20 فروری کو، ہمارے سیوریج لائنوں میں گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہونے والے دھماکے کی وجہ سے میرا آدھا گھر منہدم ہو گیا۔
انہوں نے لکھا کہ ایمن کو شیشے کے ٹکڑوں کی وجہ سے معمولی چوٹیں آئیں اور ہمارے گھریلو ملازمین جھلس گئے، لیکن اللہ بہت مہربان ہے الحمدللہ وہ دونوں صحت یاب ہو رہے ہیں۔
منیب بٹ نے کہا کہ اس طرح کے مشکل وقت اس بات کی یاد دلاتے ہیں کہ زندگی میں آپ کے خاندان اور پیاروں کی حفاظت اور صحت کیا اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اور میرا خاندان آپ کی جانب سے بھیجے گئے پیار اور نیک خواہشات کا بے حد مشکور ہیں اور آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ ہمارے لیے دعا کرتے رہیں۔
گلبرگ پولیس کے ایس ایچ او اشرف جوگی نے امیجز کو بتایا کہ انہیں مدد گار 15 ہیلپ لائن پر اتوار کی دوپہر تقریبا 1:45 بجے اداکار کے گھر کے اندر دھماکے کے بارے میں اطلاع ملی تھی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کی تلاشی لی۔
پولیس کے مطابق معلوم ہوا کہ گیسوں کے جمع ہونے کی وجہ سے گٹر لائن پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک دیوار گر گئی، ایک خاتون اور دو بچوں کو معمولی چوٹیں آئیں، کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔