یونگ چیون (ویب ڈیسک): جنوبی کوریا میں ’ہوسن‘ نامی ایک کتا جسے ٹرک کی زد میں آنے پر مردہ قرار دے کر دفنایا جاچکا تھا، اپنی قبر سے نکل کر اور واپس گھر پہنچنے کے بعد معجزاتی حیثیت حاصل کرچکا ہے۔ہوسن جنوبی کوریا میں ایک خوفناک ٹرک حادثے سے گزرنے اور موت کے منہ سے واپس آنے کے بعد پہلی بار خبروں کی سرخیاں بنا۔ یونگ چیون شہر میں مالکان کے گھر کے قریب ایک ٹرک نے کتے کو ٹکر ماری تھی۔ اس کے زخم اتنے شدید تھے کہ ایک پڑوسی جس نے اسے سڑک کے کنارے پایا، اس نے اسے مردہ سمجھا اور اس شخص نے ہوسن کو قریبی کھیت میں ایک قبر میں دفن کردیا۔
دفنانے کے بعد شخص مالکان کے گھر گیا اور انہیں یہ بری خبر سنائی۔ تاہم چار دن بعد ہوسن کے مالکان نے اپنے گھر کے قریب سڑک کے کنارے ایک کھائی سے ایک جانور کے رونے کی آواز سنی۔ وہ جیسے ہی اس کے قریب گئے تو ہوسن کو بہت زخمی لیکن زندہ پا کر حیران رہ گئے۔
کتے کی پچھلی ٹانگیں ٹوٹ چکی تھیں اور وہ اپنی اگلی ٹانگوں پر بمشکل اپنا وزن سہار پارہا تھا۔ ہوسن کے حیران مالکان نے اسے تھوڑا سا پانی دیا اور اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئے جہاں اس کا علاج کیا گیا۔ تاہم اس بات کی وضاحت نہیں اب تک نہیں ہوسکی کہ کتا اپنی قبر سے واپس کیسے نکلا۔