اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف قتل کی سازش کے کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی سابق وزیر داخلہ کو سنگین الزامات کا سامنا ہے، کیونکہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین پر سابق وزیر اعظم کے قتل کی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ کی مذکورہ تاریخ پر پیشی یقینی بنائی جائے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی کیس میں شیخ رشید کی 50 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور کی تھی۔
شیخ رشید اسی کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں تھے، پولیس نے ان کے خلاف چالان بھی جمع کرا دیا ہے۔
سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے عدالت سے فرد جرم عائد کرنے کے لیے 15 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔
اس پر جج نے کہا کہ ہائی کورٹ نے اپنا حکم دے دیا ہے اور تاریخ میں توسیع نہیں کی جا سکتی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ دیکھیں گے کہ ٹرائل کب شروع ہوتا ہے۔