انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا انقرہ میں پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران اور وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک قوم سے 6 فروری کو ترکئی میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر پہنچنے والے نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کی طرح درد اور تکلیف کو محسوس کیا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آخری شخص کی مکمل بحالی نہیں ہو جاتی۔
صدر رجب طیب اردوان نے تباہ کن زلزلے کے تناظر میں ترکی کی مضبوط اور ثابت قدم حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پرعزم ترک قوم اس قدرتی آفت سے پہلے سے کہیں زیادہ طاقت اور عزم کے ساتھ نکلے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف ترکی میں آنے والے زلزلوں کے تناظر میں ترکی کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کے اظہار کے لیے ترکی کا دورہ کر رہے ہیں۔
وہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں پر موجود پاکستانی ریسکیو اور ریکوری ٹیموں سے بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاون خصوصی طارق فاطمی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی موجود تھے۔