قومی اسمبلی کا اجلاس بجٹ تجاویز پر مختصر بحث کے بعد فنانس بل پر ووٹنگ کے بغیر ملتوی کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فنانس ضمنی بل 2023 پیش کردیا تھا، جس کے تحت 170 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بل پیر یا منگل تک دونوں ایوانوں میں منظور ہوجائے گا، کیونکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ہمیں جمعہ تک کا وقت دیا ہے۔
پاکستان کو فنڈز کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ وہ ایک خوفناک معاشی بحران سے نبرد آزما ہے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بمشکل ایک ماہ کی درآمدات کو پورا کرتے ہیں۔