لاہور ہائی کورٹ کے پنجاب میں الیکشنز کرانے کے حکم کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے فیصلے کی تشریح اور وضاحت کیلئے درخواست دائر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وفد نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کرکے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے بات چیت کی۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی ملاقات کے دوران موجود تھے، جنہوں نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلے کی تشریح اور وضاحت کے لیے دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گورنر پنجاب لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر کے سنگل بنچ کے فیصلے کے قانونی دائرہ کار کو چیلنج کریں گے۔
لاہور ہائی کورٹ سے فیصلے کی تشریح کی درخواست کرتے ہوئے پوچھیں گے کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق فیصلہ کیسے گورنر پنجاب پر لاگو ہوتا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے اور گورنر سے مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔