کراچی: سندھ کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سے متعلق ایک الگ مضمون متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ کے وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات اور تمام جامعات کے وی سیز کو موسمیاتی تبدیلی کے الگ مضمون پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ تمام جامعات موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سے متعلق الگ مضمون متعارف کروائیں، کیوں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے جامعات میں طلبہ کو بنیادی معلومات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اپنے بیان میں وزیر جامعات و ماحولیات نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے سندھ زیادہ درجہ حرارت اور خشک سالی کا شکار ہونے لگا ہے، مضمون پڑھانے سے انسانی صحت کے معیار کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کی بدولت طلبہ و طالبات کو روزگار کے زیادہ مواقع میسر بھی ہونگے، اس تعلیم سے سمندری آلودگی، صنعتی ویسٹ مینجمنٹ اور اسپتالوں کےویسٹ ڈسچارج کےمسائل حل کرنےمیں مدد ملے گی۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، جبکہ سندھ صوبہ سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہو رہا ہے، عالمی برادری نے بھی اس وقت موسمیاتی تبدیلی کو سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔