وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہماری خواتین ایک خود کفیل معاشرے کی بنیاد ڈال رہی ہیں، وہ ملک کا سرمایہ ہی نہیں سہارہ بھی ہیں۔
خواتین کے قومی دن پر وفاقی وزیرشیری رحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی 49 فیصد آبادی عورتوں پر مشتمل ہے، ملک کی تمام باہمت، محنتی اور بہادر خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی نے مزید کہا کہ ہماری خواتین ایک خود کفیل معاشرے کی بنیاد ڈال رہی ہیں، پیپلز پاورٹی رڈکشن پروگرام کے ذریعے صوبہ سندھ کی خواتین ترقی کی نئی مثال قائم کر رہی ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ہو یا بی آئی ایس پی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی اور انقلابی منصوبوں کا آغاز کیا، ہماری عورتیں ملک کا سرمایہ ہی نہیں سہارہ بھی ہیں۔
وفاقی وزیرشیری رحمان نے مزید کہا کہ ہماری جرات مند عورتیں ہی پاکستان کی دستاویزی اور غیر دستاویزی معیشت کا پہیہ چلاتی ہیں۔