متروکہ وقف املاک راولپنڈی کی جانب سے لال حویلی کو سیل کیے جانے کے معاملے پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عدالت سے رجوع کر لیا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایڈووکیٹ سردار رازق خان کی وساطت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کی کارروائی کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیا ہے۔
لال حویلی کے خلاف وقف املاک کی کارروائی سے متعلق درخواست پر سماعت گیارہ بجے مقرر کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں شیخ رشید احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں ملا، معاملے کے خلاف عدالت جائیں گے۔
سابق وزیر داخلہ نے لال حویلی کو مکمل طور پر سیل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں حویلی میں موجود نہیں تھا، اسلام آباد میں تھا، یہ رات میں مجھے گرفتار کرنا چاہتے تھے، میں ادھر ادھر ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا یہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، انہوں نے بہانہ بنا کر لال حویلی کو سیل کیا ہے، اگر لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت نہیں تو ہمیں چوک پر لٹکا دیا جائے، یہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کی توجہ ہٹائی جائے، یہ اب بدمعاشی پر اتر آئے ہیں۔