نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، متعدد حادثات میں 3 افراد ہلاک اور ایک لاپتہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی میٹرولوجیکل سروس کا کہنا ہے کہ آکلینڈ میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 249 ملی میٹر بارش ہوئی اور شدید بارشوں سے آکلینڈ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آکلینڈ میں 5 روز تک مزید بارش کا امکان ہے، شہر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
آکلینڈ کے ہوائی اڈے پر بھی پانی بھر گیا اور مسافر ہوائی اڈے پر ہی پھنس کر رہ گئے خبر رساں ادارے کے مطابق آکلینڈ کے لیے ملکی اور بین الاقوامی پروازیں اتوار تک معطل کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلابی پانی میں محصور لوگوں کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔