فلسطینی شہر جنین پر اسرائیلی حملے کے بعد سعودی عرب کی جانب سے عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے قبضے کو ختم کرانے میں مدد کرے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق جنین کے کیمپ اور شہر میں اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں۔
سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی پیش قدمی، جارحیت اور فلسطینی علاقوں پر قبضے کے خلاف کارروائی کرے اور عوام کو تحفظ فراہم کرے۔
یاد رہے کہ مغربی کنارے میں جنین کیمپ پر چھاپے کے دوران اسرائیلی فوج نے خاص طور پر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔ صہیونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ خاتون سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر ہسپتال اور کیمپ کے اندر آنسو گیس کا استعمال کیا۔
خبر رساں ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال اسرائیلی جارحیت سے 29 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔