چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہ موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ کوئی ریلیشن شپ نہیں ہے، جنرل باجوہ نے ان کے ساتھ مل کر وہ کیا جو پاکستان کاکوئی دشمن بھی نہیں کرتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے پورا زور لگایا تھا کہ چوہدری پرویز الہیٰ ن لیگ کی طرف سے وزیراعلی بن جائیں مگر چوہدری پرویز الہیٰ نے ہم سے وفاداری نبھائی، ہمیں ان کی وفاداری کا صلہ دینا تھا، اب وہ ہماری پارٹی کا حصہ بن جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی ان سے پوچھے کہ کیوں سازش کرکے ہماری حکومت گرائی گئی، 17 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاشی کارکردگی ہماری حکومت نے دکھائی، بتایا جائے ہم ایسی کیا غلطی کررہے تھے جو ہماری حکومت گرائی گئی،ہماری حکومت تو گرادی مگر ان سے بھی معاملات نہیں سنبھالے جارہے، میں نے جنرل باجوہ کو بتایا تھا کہ ہماری حکومت کے خلاف سازش کامیاب ہوئی تو کوئی بھی معیشت نہیں سنبھال پائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ان کے ساتھ مل کر وہ کیا جو پاکستان کا کوئی دشمن بھی نا کرتا، آپ دیکھ لیں گزشتہ برس اپریل میں ملک کہاں کھڑا تھا اور آج کہاں کھڑا ہے، ملک کے حالات کبھی ایسے نہیں رہے جیسے آج ہیں، انہوں نے ہماری معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا، پاکستان ایک دلدل میں ڈوبتا جارہا ہے، ملک کو سری لنکا جیسی صورتحال سے بچانے کا واحد حل صاف و شفاف انتخابات ہیں