روسی وزیر توانائی ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت میں منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ تجارت اور تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کے آٹھویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
80 افراد پر مشتمل وفد 3 ارب ڈالر کے پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن (پی ایس جی پی) منصوبے کے ساتھ ساتھ تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے طویل مدتی تجارتی معاہدے پر دو طرفہ بات چیت کرے گا۔
وہ آئی جی سی فورم کے ذریعے منعقد ہونے والے تین روزہ دوطرفہ مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچیں گے۔
اسلام آباد اور کریملن تیل اور گیس کی پیداوار، پن بجلی، قابل تجدید توانائی کے ذرائع، بجلی اور دیگر موضوعات پر تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستان کی 30 فیصد رعایت پر لین دین کرنے کی صلاحیت ملک کو مالی مشکلات کے باوجود ہر سال 2 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت کرنے کی اجازت دے گی۔
رعایتی تیل کی بات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان کو اپنی ایل این جی کی طلب کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس کے گیس کے ذخائر میں سالانہ 10 فیصد تک کمی آ رہی ہے اور اس کے گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے جیواشم ایندھن خریدنے کی صلاحیت محدود ہو رہی ہے۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے گزشتہ ماہ انکشاف کیا تھا کہ روس کم قیمت پر خام تیل کی فراہمی پر رضامند ہوگیا ہے۔ اس پیش رفت سے پاکستان کے توانائی کے درآمدی اخراجات میں کمی آسکتی ہے۔