سندھ کے الیکشن کمشنراعجازانور چوہان نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آج شام تک تیار ہو جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج شام تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے کیونکہ متعدد جماعتوں نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں مینڈیٹ سے محروم کرنے کے لئے دھاندلی جاری ہے۔
یہ الزامات جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نتائج میں چند گھنٹوں کی تاخیر کے بعد لگائے گئے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حیدرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پہلے نمبر پر ہے اور صوبائی دارالحکومت میں آگے ہے۔
الیکشن کمشنر سندھ اعجازانور چوہان نے بیان میں کہا کہ دوسرے مرحلے میں سندھ کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوئے۔کراچی میں 246 یوسیز اور 1230 حلقے ہیں۔ کراچی کے تمام نتائج آج شام تک تیار ہوجائیں گے۔
سندھ کے الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں 57 ریٹرننگ افسران نے خدمات انجام دیں۔ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی۔