محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد شہر قائد میں موسم کی سرد ترین صبح ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم محکمہ موسمیات کے تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق گزشتہ رات شہر کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ روشنیوں کے شہر میں سب سے کم درجہ حرارت آج صبح جناح ٹرمینل پر ریکارڈ کیا گیا اور پارہ 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
پی اے ایف فیصل بیس پر درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ، مسرور بیس پر 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور شہر کے شمالی حصے میں رات کے وقت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا اور شمال مشرق سے 10 سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ جبکہ موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے شدید سردی 16 جنوری تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
پی ایم ڈی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ مغربی نظام کے اثر سے سندھ کو سردی کا سامنا ہے جو بلوچستان کے راستے صوبے میں داخل ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ مخصوص علاقوں میں دھند اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں صبح کے اوقات میں برفباری کا امکان ہے۔ بالائی سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔