پاکستان کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی) نے پلانٹ کی بندش میں 13 جنوری تک توسیع کردی ہے۔
پی ایس ایم سی نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ‘انوینٹری لیول کی مسلسل کمی کے باعث کمپنی کی انتظامیہ نے آٹوموبائل پلانٹ کی بندش میں 9 جنوری 2023 سے 13 جنوری 2023 تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے’۔
پی ایس ایم سی نے یہ بھی واضح کیا کہ موٹر سائیکل پلانٹ فعال ہوگا۔
کمپنی کے آٹو اور موٹر سائیکل پلانٹس 2 سے 6 جنوری تک بند رہے تھے۔
گزشتہ ہفتے پی ایس ایم سی کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ درآمدی پابندیوں کی وجہ سے کمپنی کو ایک نازک وقت کا سامنا ہے اور مستقبل میں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ یہ معاملات کب تک جاری رہیں گے۔
حراست، ڈیمریجز، اور کیبور + 3٪ ہماری صنعت کو نقصان پہنچاتا ہے.
ترجمان نے کہا کہ فروخت اور پیداوار میں کمی سے ڈیلرشپ اور وینڈرز بھی پریشان ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صنعت سے فوری طور پر بات کرے۔
حکومتی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان کی درآمدات پر انحصار کرنے والی آٹو انڈسٹری بحران کا شکار ہے۔
مالی سال 2023 کے پہلے پانچ ماہ میں مسافر گاڑیوں کی فروخت 39 فیصد کم ہو کر 55 ہزار 144 یونٹس رہ گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ تعداد 90 ہزار 303 یونٹس تھی۔