مشہور پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے ٹویٹر صارف میجر(ر) عادل راجا کی جانب سے عائد مبینہ الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بیان واپس لینے اور معافی کیلئے تین دن کا وقت دیدیا ہے۔
انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کبری خان نے میجر (ر) عادل راجا کی جانب سے سابق آرمی چیف اور چند اداکاراؤں کے حوالے سے عائد الزامات پر ردعمل دیا اور کہا کہ شروع میں تو میں خاموش تھی کہ ایک جعلی ویڈیو میرا کیا بگاڑ سکتی ہے مگر برداشت کی بھی حد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو لگتا ہے کہ کوئی مجھ پر بیٹھے بٹھائے انگلی اٹھائے گا اور میں خاموش رہوں گی تو یہ اس کی سوچ ہے، جناب عادل راجا صاحب ! لوگوں پر الزامات عائد کرنے سے قبل ثبوت اور شواہد اکھٹے کیا کریں، آپ کے پاس تین دن ہیں، آپ اپنے الزامات کے ثبوت پیش کریں اور اگر آپ کے نام نہاد “حق و سچ” کے ثبوت نہیں ہیں تو اپنے بیان کو واپس لیں اور عوامی سطح پر معافی مانگیں۔
خیال رہے کہ میجر (ر) عادل راجا نے اپنے حالیہ ایک وی لاگ میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید کے حوالے سے چند انکشافات کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان دونوں کو خفیہ اداروں کے سیف ہاؤسز میں ٹاپ ماڈلز اور اداکارائیں فراہم کی جاتی تھیں۔عادل راجا نے ان اداکاراؤں اور ماڈلز کے ناموں کے 2 ،2 حروف بھی بیان کیے تھے۔