لاہور میں نانبائیوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نان روٹی ایسوسی ایشن کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے جس میں روٹی اور نان کی قیمت میں 11 روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نان اور روٹی کی قیمتوں میں 11 روپے اضافے کی تردید کے بعد ایسوسی ایشن کی جانب سے اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ تندور مالکان کے مطابق 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1900 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ فائن میدے کا 80 کلو کا تھیلا 10 ہزار 800 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
آٹے اور میدہ کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں بالترتیب 35 روپے اور 25 روپے اضافے کے لیے لاہور کی ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کی۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ آٹے اور گیس کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے ہم قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہیں۔