پاکستان میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس جمعہ (آج) کو طلب کیا ہے جس میں اس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور فوجی سربراہان شرکت کریں گے۔
ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اجلاس کو پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اور پاک افغان سرحد کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے جبکہ دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
ایک روز قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں پیشہ ورانہ اور قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔