اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر آج ان سے ملنے نہیں آئے اور اب کل ملاقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایک روز قبل ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو فون کر کے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کا وفد ان سے ملنا چاہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور دیگر قانون سازوں سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ان سے ملاقات پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں مذاکرات ہی واحد حل ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف نے کہا کہ وہ آج اسمبلی آفس پہنچے، ڈوگر سے رابطہ کیا اور انہیں ملاقات کے لیے بلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈوگر نے مجھے بتایا کہ پی ٹی آئی کے کچھ رہنما اپنے استعفوں کے حوالے سے مجھ سے ملنا چاہتے ہیں تاہم میں نے ان سے کہا کہ میں ان سب سے الگ الگ ملاقات کروں گا نہ کہ گروپوں میں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ استعفوں کو قواعد کے مطابق قانون سازخود لکھیں، ہر رکن کو اپنے ہاتھوں سے استعفیٰ لکھنا ہوگا۔
اشرف نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد بازی میں استعفوں کو قبول نہیں کریں گے ، لیکن قواعد و ضوابط کے مطابق انہیں قبول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب کا اسپیکر ہوں اور میرا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔ ملک کو درپیش مسائل کا حل پارلیمنٹ کا فورم ہے اور پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام جماعتیں ملک کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ہر کسی کا حق ہے تاہم عوام کا مفاد سب سے اہم ہے اور اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔