لاڑکانہ: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں ملک کے کونے کونے سے لاکھوں لوگ محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اپنا مسئلہ ہے اور اس سے کسی دوسرے صوبے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، اس کا حل وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز کے پاس ہے کیونکہ گورنر نے ان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے، پیش ہوں اور گورنر کو قانونی طور پر مطمئن کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر گورنر کہے اور وہ ووٹ نہ لے تو یہ غیر قانونی فعل ہے، اس لیے گورنر اسے ڈی نوٹیفائی کر سکتے ہیں، تاہم معلوم ہے کہ چوہدری پرویز عدالت جا رہے ہیں، انہیں جانے کی ضرورت نہیں۔ عدالت صرف اسمبلی کا اجلاس بلائے تمام مسائل ووٹنگ سے حل ہو جائیں گے۔
جس کے بعد وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے گڑھی خدابخش بھٹو میں مزار کمیٹی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صفائی، لائٹنگ، واش رومز، سائن بورڈز، سڑکیں، پارکنگ وغیرہ کے انتظامات پہلے سے زیادہ بہتر کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے امن و امان، سیکیورٹی اور ٹریفک کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے نظام اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔