رپورٹس کے مطابق جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘ اپنا اب تک کا بہترین فون گلیکسی ایس 23 رواں برس نہیں بلکہ آئندہ برس فروری کے آغاز میں متعارف کرائے گی۔
امکانات تھے کہ سام سنگ 2022 کے اختتام تک اپنا فون متعارف کرائے گی، تاہم اب رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ ’گلیکسی ایس 23‘ کو فروری 2023 میں پیش کیا جائے گا۔
سام سنگ ہمیشہ اپنے فون ایپل کے آئی فون کے بعد ہی پیش کرتا ہے اور عام طور پر کمپنی جنوری یا فرروی میں ہی فونز کو متعارف کراتی ہے۔
اس بار گلیکسی ایس 23 سے متعلق متعدد خبریں سامنے آ چکی ہیں، تاہم کمپنی نے فون کے فیچرز اور اسے پیش کرنے سے متعلق کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا۔
اب موبائل فونز اور موبائل کمپنیز سے متعلق لیکس کرنے والے دو اہم ترین ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گلیکسی ایس 23 کو یکم فروری 2023 کو پیش کیا جائے گا۔
آئیس یونیورس کے اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کی گئی کہ سام سنگ کو یکم فروری کو پیش کیے جانے کا امکان ہے اور اسی ٹوئٹ پر اسٹیو ایچ نے کمنٹ کرتے ہوئے خبر کو سچا قرار دیا۔