بولی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے واضح کیا ہے کہ ان کی آنے والی فلم بھی ان کی کچھ حب الوطنی سے بھرپور فلموں کی طرح ہی ہے۔
شاہ رخ خان نے 17 دسمبر کو ٹوئٹر پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اپنی فلم سے متعلق مداحوں کو بتایا۔
سوال و جوابات کے دوران ایک مداح نے ان سے کوئی پسندیدہ شعر سنانے کی فرمائش کی تو انہوں نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال کا شہرہ آفاق شعر لکھ دیا۔
شاہ رخ خان نے علامہ اقبال کے شعر ’خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے، خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے؟‘ لکھا۔
سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے مداحوں کو مزاحیہ انداز میں جوابات دیے اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ لازمی طور پر ان کی فلم دیکھیں۔
ایک مداح نے ان سے کہا کہ وہ 25 جنوری کو شادی کر رہے ہیں، کیا شاہ رخ اپنی فلم 26 جنوری کو ریلیز کر سکتے ہیں؟
اس پر اداکار نے انہیں جواب دیا کہ وہ 26 کو شادی کرلیں، اس دن چھٹی بھی ہوگی اور چوں کہ 25 جنوری کو یوم جمہوریہ بھی ہے۔
اسی طرح ایک اور مداح نے انہیں کہا کہ وہ 26 جنوری کو شادی کر رہے ہیں؟ جس پر شاہ رخ خان نے انہیں جواب دیا کہ وہ شادی کرنے اور ہنی مون منانے کے بعد ان کی فلم دیکھیں۔
اداکار سے ایک مداح نے یہ سوال بھی کیا کہ آخر وہ ٹوئٹر پر ہر بار صرف 15 منٹ کے لیے ہی لوگوں سے کیوں بات کرتے ہیں؟ جس پر اداکار نے کہا کہ ہر کسی کو مشہور ہونے کے لیے 15 منٹ ہی درکار ہوتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ’پٹھان‘ مین ساتھی اداکار جان ابراہم کی تعریف کی اور ساتھ ہی کہا کہ وہ ان سے ہیوی بائیک چلانا بھی سیکھیں گے۔
شاہ رخ خان نے ایک مداح کو جواب دیا کہ ان کے بچے ہی ان کے لیے پوری دنیا ہیں۔
ایک مداح نے ان سے ’پٹھان‘ سے متعلق سوال کیا تو شاہ رخ خان نے واضح کیا کہ ’پٹھان‘ بھی حب الوطنی سے بھرپور فلم ہے لیکن مذکورہ فلم ایکشن کی صورت میں ہے۔
’پٹھان‘ آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز ہوگی اور اس کا گانا ’بے شرم‘ رنگ چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا، جسے دیکھنے کے بعد تنگ نظر ہندو سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے اداکار کی فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلانا شروع کردیا جب کہ انتہاپسند جماعتوں نے بھی فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔