پشاور (ویب ڈیسک): مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئینی ترمیم کیخلاف قانونی و سیاسی مزاحمت کرے گی۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ فارم 47 والی جعلی حکومت آئین پاکستان پر خفیہ وار کرنے جا رہی ہے۔ آئین پاکستان میں ناجائز ترامیم عوامی نمائندوں سے چھپا کر کی جا رہی ہیں۔کوشش کی جا رہی ہے کہ آئین میں ناجائز ترمیم کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کی آڑ میں آئین پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے نہیں دیں گے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور ورکرز آئینی ترمیم کے خلاف تمام قانونی اور سیاسی مزاحمت کرے گی۔
صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بچی کچھی سیاست کو شہباز شریف اور مریم نواز ہی دفن کریں گے۔ وفاقی و پنجاب کی جعلی حکومت آئے دن آئین ، قانون اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے زین قریشی کی اہلیہ کو ڈرانے دھمکانے کے لیے گزشتہ دن اغوا کیا گیا۔ گھر کی عورتوں کو اٹھانا فسطائیت کی آخری حد ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ ظلم اور ریاستی جبر کے بل بوتے پر اقتدار قائم رکھنا شریف خاندان کا وتیرہ ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جھوے مقدمات میں قید کر کے ان سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کی ہے۔ ملاقاتوں پر پابندی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عمران خان پر وکلا، اہل خانہ اور دیگر تمام افراد کی ملاقاتوں پر پابندی سے غیر یقینی صورتحال جنم لے رہی ہے۔ صہیونی سازش کے تحت قائم ہونے والی شریف خاندان کی ناجائز حکومت کو ظلم و جبر کا جواب دینا ہوگا۔ جھوٹ کے بل بوتے پر اقتدار کے مزے لوٹنے والا ٹولہ عوامی نمائندگی کا اہل نہیں۔