کراچی (ویب ڈیسک): کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی تحقیقات کے لیے دونوں صوبوں سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جیوفینسنگ سے حاصل شدہ مشکوک نمبروں کی چھان بین جاری ہے، جائے وقوع کے اطراف کیمرے نہ ہونے سے تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کا کرائم سین 36 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کلیئر نہیں کیا جاسکا، تحقیقاتی ٹیموں کی آمد جاری ہے۔
دہشت گرد حملے کا مقدمہ آج سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا، پولیس حکام نے مقدمے کے اندراج کے لیے مسودہ سی ٹی ڈی کو ارسال کردیا ہے، پولیس کی جانب سے دھماکے کے سہولت کاروں کی تلاش میں کراچی اور بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھاپے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک تحقیقات کے لیے دونوں صوبوں سے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جیوفینسنگ سے حاصل شدہ مشکوک نمبروں کی چھان بین جاری ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جائے وقوع کے اطراف کیمرے نہ ہونے سے تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔