(ویب ڈیسک ):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے قافلے کی کے پی ہاؤس اسلام آباد تک پہچنے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا قافلہ پہلے اسلام آباد ٹول پلازہ گیا، ٹول پلازہ سے وزیراعلیٰ نے واپس سنگجانی جانے کا فیصلہ کیا، وزیراعلیٰ سنگجانی کے راستے بلیو ایریا اسلام آباد میں داخل ہوئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سنگجانی میں قافلے سے الگ ہوکر اسلام آباد چائنہ چوک گئے تھے، چائنہ چوک سے تین بجے کے بعد وزیر اعلیٰ غائب ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور چائنہ چوک سے کےپی ہاؤس اسلام آباد کے لیے نکلے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے بھائی فیصل امین گنڈاپور نے جیو نیوز کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور سے تاحال رابطہ نہیں ہوا، پولیس اور رینجرز نے کے پی ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، اس وقت وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں تھے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کے پی ہاؤس میں وزیر اعلیٰ پر حملہ فیڈریشن پر حملہ ہے، کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ ثبوت ہے کہ وزیراعلیٰ کو زبردستی حراست میں لیا گیا۔
ادھر وزیر داخلہ سینیٹر محنس نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کسی ادارے کی تحویل میں نہیں ہیں، علی امین گنڈا پور کے پی ہاؤس سے بھاگ گئے تھے جس کی فوٹیج بھی موجود ہے۔